280

اومی کرون کا پھیلاؤ، ایشیائی سٹاک مارکیٹس میں مندی کا رجحان

کورونا وائرس کے کیسز میں ایک بار پھر اضافے کے خدشات کے پیش نظر ایشیائی سٹاک مارکیٹ میں پیر کو مندی کا رجحان دیکھا گیا جبکہ وائٹ ہاؤس کے وبائی امراض کے مشیر انتھونی فاؤچی نے خبردار کیا ہے کہ کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون تیزی سے پوری دنیا میں پھیل رہی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اتوار کو امریکی ٹی وی این بی سی سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر انتھونی فاؤچی نے کہا کہ ’ایک چیز واضح ہے، وہ یہ ہے کہ اومی کرون میں غیر معمومی طور پر پھیلنے کی صلاحیت ہے۔ یہ پوری دنیا میں تیزی سے پھیل رہا ہے۔‘
کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون کے تیزی سے پھیلنے کی وجہ سے معیشتیں متاثر ہو رہی ہیں۔ اومی کرون کا تیزی سے پھیلاؤ حکومتوں کو پھر سے سخت اقدامات نافذ کرنے پر مجبور کر رہا ہے۔
نومبر میں جنوبی افریقہ میں اومی کرون کا پہلا کیس رپورٹ ہوا تھا تاہم کورونا وائرس کی یہ نئی قسم یورپ سمیت کئی ممالک میں رپورٹ ہوئی ہے۔
یورپ کے متعدد ممالک نے وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ایک مرتبہ پھر سخت اقدامات کیے ہیں۔ کورونا وائرس کی وبا سے دنیا بھر میں کاروباریاں سرگرمیاں متاثر ہوئی تھیں۔
کورونا کے نئے کیسز کی تعداد بڑھنے پر فرانس، یونان اور آسٹریا میں وزرائے صحت نے انتباہ جاری کیا اور حکومتوں نے سفری پابندیوں کا نفاذ کیا ہے۔
ماہرین نے کہا تھا کہ اومی کرون کورونا کے ڈیلٹا ویریئنٹ سے زیادہ خطرناک نہیں تاہم عالمی وبا کی یہ قسم اب بھی غالب ہے۔
عالمی ادارہ صحت نے کہا تھا کہ کورونا کا نیا ویریئنٹ اومی کرون اب تک 89 ملکوں میں پہنچ چکا ہے اور کئی علاقوں میں اس ویریئنٹ کے کیسز کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے۔
عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا تھا کہ کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون جس تیزی سے پھیل رہی ہے کہ ایسا پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں