پاکستان فٹبال کے کسی بھی عالمی ایونٹ میں شرکت کے لیے اہل قرار نہ دیا جانیوالا دنیا کا واحد ملک بن گیا ہے۔نجی خبررساں ادارےنے پاکستانی فٹبال کی حالت زار سے متعلق خبر دی ہے کہ افریقی ملک چاڈ کی معطلی کا بھی فیصلہ واپس لے لیا گیا ہے جس کے بعد پاکستان وہ واحد ملک ہے جس کی فٹبال سے منسلک ٹیمیں کسی عالمی مقابلے میں ملک کا پرچم نہیں اٹھا سکتیں۔اس حوالے سے پاکستان فٹبال فیڈریشن نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک نے بتایا کہ پاکستان پہلے ہی ساؤتھ ایشین فٹ بال فیڈریشن ( سیف) چیمپئنشپ اور دیگر عالمی ایونٹس سے محروم ہو چکا تھا، مگر اب افریقہ کے ملک چاڈ سے فیفا معطلی ختم ہونے کے بعد پاکستان واحد وہ ملک ہے جس کی قومی فٹبال ٹیمیں کسی بین الاقوامی فٹبال ایونٹ کا حصہ نہیں بن سکتیں۔پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی کے اس عہدیدار نے یہ بھی کہا کہ فیفا ہاؤس لاہور پر جاری غیر قانونی قبضے سے پاکستان فٹبال کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔اس غیر قانونی قبضے کی بنیاد پر پاکستان کا امیج خراب ہو رہا ہے جب کہ لاکھوں نوجوان باصلاحیت فٹبالرز کا مستقبل بھی داؤ پر ہے۔واضح رہے کہ پاکستان میں زیادہ تر کھیل سیاست کی نذر ہوچکے ہیں جن میں کبڈی، فٹ بال شامل ہیں۔ فٹ بال فیڈریشن کا صدر عام طور پر کسی سیاسی شخصیت کو نامزد کیا جاتا تھا۔ ماضی میں فٹبال فیڈریشن کی صدارت کبھی سابق وزیر فیصل صالح حیات تو کبھی جماعت اسلامی کے سابق ایم این اے حافظ سلمان بٹ کے پاس رہی ہے۔
238