اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) رواں سال باقی دنیا کے ساتھ پاکستان میں بھی گرمی نئے ریکارڈ قائم کر رہی ہے اور بہت سوں کے لیے شاید یہ بات حیرت کا باعث ہو کہ پوری دنیا میں سب سے زیادہ گرمی پاکستان کے ایک شہر میں پڑی۔ خلیج ٹائمز کے مطابق یہ شہر تربت تھا جہاں درجہ حرارت 54ڈگری سینٹی گریڈ تک گیا، جو گزشتہ 76سال میں ایک ریکارڈ ہے۔ تربت کے ساتھ اس ریکارڈ میں کویت کا شہر متریباہ (Mitribah)بھی شراکت دار ہے۔ وہاں بھی درجہ حرارت 54ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچا۔
ورلڈ میٹیریولوجیکل آرگنائزیشن نے تصدیق کی ہے کہ تربت اور متریباہ میں گرمی نے ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ ان دو شہروں میں جتنی گرمی پڑی ہے، گزشتہ 76برس میں دنیا کے کسی اور مقام پر نہیں پڑی۔ متریباہ میں اتنی گرمی 21جولائی 2016ءکو اور تربت میں اگلے سال 28مئی 2017ءکو پڑی۔ واضح رہے کہ 76سال سے پہلے اس سے بھی زیادہ گرمی پڑنے کا ریکارڈ موجود ہے۔ 10جولائی 1913ءکو کیلیفورنیا کی ڈیتھ ویلی میں واقع قصبے فرنیس کریک میں درجہ حرارت 56.7ڈگری سینٹی گریڈ تک گیا تھا، جو کہ دنیا کی معلوم تاریخ کا ریکارڈ ہے۔