لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ میں ایک خاتون گھر کا وائی فائی راﺅٹر رات کو آف کرتی لیکن وہ خود بخود ہی آن ہو جاتا۔ خاتون نے بالآخر حقیقت جاننے کے لیے سی سی ٹی وی کیمرہ لگوا دیا جس سے ایسا انکشاف ہوا کہ وہ سوچ بھی نہیں سکتی تھی۔ میل آن لائن کے مطابق 36سالہ کارلے ڈگمور نامی یہ خاتون رات کو راﺅٹر بند کرکے سو جاتی اور صبح اٹھتی تو راﺅٹر آن ہوتا تھا۔ اس نے کیمرہ لگوایا اور اس کی فوٹیج دیکھی تو معلوم ہوا کہ اس کا 9سالہ بیٹا رات کو چپکے سے جا کر راﺅٹر آن کر دیتا تھا۔
رپورٹ کے مطابق یہ بچہ فورٹ نائٹ گیم کھیلتا تھا جس کے لیے اسے انٹرنیٹ کی ضرورت ہوتی تھی چنانچہ وہ ماں سے چوری جا کر راﺅٹر کو آن کر دیتا تھا۔ کارلے کا کہنا تھا کہ ”میں نے اپنے بیٹے جورڈن سکوائر کو رات 9بجے تک پلے سٹیشن پر فلمیں دیکھنے کی اجازت دے رکھی تھی اور اس کے بعد راﺅٹر آف کر دیتی تھی۔ میں سوچ بھی نہیں سکتی تھی کہ وہ رات کو مجھ سے چوری فورٹ نائٹ کھیلتا رہتا تھا اور نجانے کب سوتا تھا۔ میں نے کیمرا لگایا اور اگلے روز اس کی فوٹیج دیکھی تو پتا چلا کہ رات 10بجے جورڈن دبے پاﺅں سیڑھیوں سے اترا اور آ کر راﺅٹر آن کرکے واپس اپنے کمرے میں چلا گیا۔