172

وہ ملک جس کے اوپر سے اڑان بھرنے پر برطانوی ایئر لائن کو بھاری جرمانہ کردیا گیا، وجہ بھی سامنے آگئی

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) عراق کے اوپر ممنوعہ علاقے میں پرواز کرنے پر برطانوی فضائی کمپنی ورجن اٹلانٹک کو 10لاکھ ڈالر جرمانہ کر دیا گیا۔ ڈیلی پاکستان گلوبل کے مطابق ایئرلائن کو یہ جرمانہ امریکہ کی طرف سے کیا گیا ہے کیونکہ یہ پرواز ڈیلٹا ایئر لائنز کے کوڈ کے ساتھ سفر کر رہی تھی،جو امریکی فضائی کمپنی ہے۔

فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کی طرف سے اس ورجن اٹلانٹک کو نوٹس جاری کیا گیا تھا ۔ امریکی فضائی کمپنیوں کو پابند کیا گیا ہے کہ عراقی فضائی حدود میں سفر کرنے سے قبل وہ پیشگی اجازت لیں۔ امریکی محکمہ ٹرانسپورٹیشن کی تحقیقات میں علم ہوا ہے کہ ورجن اٹلانٹک اب تک متعدد ایسی پروازیں چلا چکی ہے جن میں عراقی فضائی حدود سے گزرنے پر عائد پابندی کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔

ورجن اٹلانٹک کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ”جیسے ہی ہمیں امریکی محکمہ ٹرانسپورٹیشن کی طرف سے اس پابندی کی خلاف ورزی کے متعلق آگاہ کیا گیا، ہم نے اپنے کوڈ شیئر فلائٹ روٹنگز فوری طور پر درست کر لیں۔“ واضح رہے کہ فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی نے مار چ 2020ءسے عراق کی فضائی حدود سے پیشگی منظوری کے بغیر گزرنے پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں