اسلام آباد(روبینہ یاس آن لائن)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کی شرح خدشات سے کم ہیں، کوئی بھی نہیں کہہ سکتا کہ یہ کورونا وائرس کب تک چلے گا ?جب تک اس کی ویکسین تیار نہیں ہوتی تب تک ساری دنیا کو بہت سوچ سمجھ کر چلنا ہوگا، وزیراعظم کورونا ریلیف فنڈ کے تحت بے روزگار افراد کے لیے جو ایک روپیہ خرچ کیا جائے گا تو حکومت اس وقت 4 روپے دے گی۔
اسلام آباد میں کورونا وائرس کی صورتحال پرمیڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سوچا تھا کہ اب تک انتہائی نگہداشت یونٹس بھرجائیں گے لیکن ایسا کچھ نہیں ہے۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کوئی بھی نہیں کہہ سکتا کہ یہ کورونا وائرس کب تک چلے گا جب تک اس کی ویکسین تیار نہیں ہوتی تب تک ساری دنیا کو بہت سوچ سمجھ کر چلنا ہوگا۔عمران خان نے کہا کہ ہم سب کو پہلے دن سے احساس ہے کہ جب لاک ڈاؤن ہوگا تو یومیہ اجرت پر کام کرنے والے مزدور، ریسٹورنٹ میں کام کرنے والے ویٹرز، ٹیکسی، رکشہ چلانے والے افراد سب سے زیادہ متاثر ہوں گے اس کے لیے ہم نے سب سے پہلے ایمرجنسی احساس پروگرام شروع کیا۔
وزیراعظم عمران خان نے ڈاکٹر ثانیہ نشتر کو مبارکباد دیتے ہوئے کہ دنیا میں کہیں بھی مستحق افراد کو اتنا زیادہ پیسہ کہیں بھی تقسیم نہیں کیا گیا جو اایمرجنسی احساس پروگرام کے تحت کیا گیا، یہ پاکستان کے لیے فخر کی بات ہے کہ ایک ایسا پروگرام آیا جس میں کوئی امتیاز نہیں کیا گیا، کوئی سیاسی مداخلت نہیں تھی صرف اور صرف ڈیٹا دیکھا گیا کہ غریب طبقہ کون ہے؟سب سے زیادہ پیسے سندھ میں دیے گئے، مجھے خوشی ہوئی کہ مشکل حالات میں مستحق افراد کو پیسے دیے گئے، اب تک 66 لاکھ خاندانوں میں 81 ارب روپے تقسیم کیے گئے ہیں اور کوشش ہے کہ 7 سے 10 روز میں ایک کروڑ 20 لاکھ تک پہنچ جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ریلیف فنڈ شروع کرتے ہوئے فیصلہ کیا تھا کہ یہ پیسہ صرف ان لوگوں کے لیے رکھا جائے گا جو کورونا وائرس کی وجہ سے بے روزگار ہوئے، ہم نے سوچا کہ بیروزگار ہونے والے افراد تک کیسا پہنچا جائے گا ؟اس کے لیے 2 طریقے نکالے، ایک تو ہم ایس ایم ایس مہم شروع کریں گے جس کے لیے انہیں اپنی بے روزگاری کا ثبوت دینا پڑے گا، وزیراعظم کورونا ریلیف فنڈ کے تحت بے روزگار افراد کے لیے جو ایک روپیہ خرچ کیا جائے گا تو حکومت اس وقت 4 روپے دے گی یعنی آپ جو فنڈ میں ایک روپے دیں گے تو حکومت اسے 4 روپے کرکے دے گی۔