ریاض (ویب ڈیسک) سعودی عرب میں پولیس نے بدھ کے روز ایک غیر ملکی پاکستانی شہری کو گرفتار کر لیا جو مملکت میں غیر قانونی طور پر مقیم ہے، اس شخص نے لوگوں سے مال بٹورنے کے مقصد سے کورونا وائرس کی ویکسین ایجاد کرنے کا دوا کیا تھا۔
ریاض پولیس کے مطابق اقامے کے نظام کی خلاف ورزی کے مرتکب اس غیر ملکی کو وادی الدواسر کے علاقے سے گرفتار کیا گیا۔ اس نے خود کو “ماہر صحت” کی حیثیت دے کر دعوی کیا تھا کہ وہ کورونا کے خلاف ویکسین تیار کرنے میں کامیاب ہو گیا۔العربیہ کے مطابق پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ پکڑا جانے والا غیر ملکی پاکستانی شہریت رکھتا ہے، وہ عمر کی پانچویں دہائی میں ہے۔
واضح رہے کہ سعودی وزارت صحت کے ترجمان نے بدھ کے روز پریس بریفنگ میں بتایا تھا کہ 24 گھنٹوں کے دوران مملکت میں کرونا وائرس کے 1325 نئے کیسوں کا اندراج ہوا ہے۔ اس دوران مزید 5 افراد فوت ہو گئے۔ اس طرح سعودی عرب میں اب تک اس وبائی مرض سے مرنے والوں کی تعداد 157 ہو گئی ہے۔ اس کے علاوہ 169 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔