304

دنیابھرمیں کتنے پاکستانی کورونا وائرس سے جاں بحق ہوئے اور ان کا تعلق پاکستان کے کن علاقوں سے ہے؟ انتہائی افسردہ خبر

لندن(ربینہ یاس آن لائن)کورونا وائرس نے دنیا بھرمیں بسنے والے پاکستانیوں کو بھی بری طرح متاثر کیا ہے،جان لیوا وائرس کی وجہ سے دیارغیر میں بسنے والے سیکڑوں پاکستانی لقمہ اجل بن چکے ہیں ،برطانیہ میں سب سے زیادہ اوورسیز پاکستانی مہلک وائرس کا نشانہ بنے ہیں جہاں غیر سرکاری اعدادوشمار کےمطابق 600پاکستانی جاں بحق ہوچکےہیں۔۔اسی طرح امریکا میں کورونا کےباعث انتقال کرجانے والے پاکستانیوں کی تعداد 400ہے۔

92نیوز کی رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے اب تک سیکڑوں تارکین وطن پاکستانی زندگی کی بازی ہارچکےہیں۔امریکا میں رہنےوالےپاکستانیوں کی بھی بڑی تعداد اس وائرس کا شکار ہوئی ہے، غیرسرکاری اعدادوشمارکےمطابق نیویارک میں400پاکستانی اس مہلک وائرس کی وجہ سےلقمہ اجل بن چکےہیں۔

برطانیہ میں اب تک 600اوورسیزپاکستانی کورونا وائرس کی وجہ سے دم توڑچکےہیں ،،جاں بحق پاکستانیوں کی اکثریت کاتعلق لندن ، برمنگھم ، والسل مانچسٹر اور دیگر شہروں سے ہے،برطانیہ کے اندر برمنگھم میں سب سےزیادہ پاکستانی اس خونی وائرس کا نشانہ بنےہیں۔

ملائیشیا میں مقیم پاکستانی شہریوں کی تعداد تقریبا ایک لاکھ ہے ، اب تک کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملیشیا میں 29 پاکستانیوں میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ، جن میں سے تقریبا پندرہ صحتیاب ہونے پر اسپتالوں سے فارغ کر دیے گئے ، جبکہ خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے ایک پاکستانی تاجر حاجی محمد کشمالی خان کرونا وائرس کی وجہ سے جاں بحق ہوگئے ان کی عمر تقریبا 80 برس تھی

تھائی لینڈ میں دو پاکستانیوں میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی جن میں سے ایک صحت یاب ہوچکاہے جبکہ دوسرا اسپتال میں زیرعلاج ہے

جرمنی میں اب تک اوورسیز پاکستانیوں کے 2 کیس سامنے آئے ہیں جن میں ایک 62 سالہ محمد آصف کا تعلق گجرات سے تھا جوکورونا کی تاب نہ لاکرچل بسے دوسرے پاکستانی کوقرنطینہ میں رکھا جارہاہے،اوران کی حالت مستحکم ہے۔

اسپین میں 120پاکستانی کورونا سے متاثرہوئے جن میں گیارہ خواتین بھی شامل تھیں ،،مہلک وائرس کا نشانہ بنانےوالے7اوورسیزپاکستانی جاں بحق ہوئے۔

پاکستانی سفارتخانہ فرانس کےمطابق کرونا وائرس سے45سےزائد اوورسیزپاکستانی متاثر ہوئے جبکہ14افراد جان کی بازی ہارگئے

اٹلی میں کورونا وائرس سے 100 کے قریب پاکستانی متاثر ہوئے تھے جن میں سے اکثریت صحتیاب ہوچکی ہے۔ وفات پانے والوں کی تعداد6 ہے۔ جن میں سے دو بیرگامو، ایک مچھتراتہ، دو بریشیااورایک میلان میں ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں