چاکلیٹ کے شوقین افراد اب خوش ہوجائیں کہ چاکلیٹ میں غذائیت اور بڑی بیماریوں سے بچانے والے مادے آپ کی صحت پر مثبت اثرات ڈال سکتے ہیں۔
ویسے تو چاکلیٹ کی کئی اقسام ہیں لیکن یہاں ہم خالص dark chocolate کی بات کریں گے کیونکہ اس میں براہِ راست کوکوا بیجوں سے حاصل شدہ چاکلیٹ کی مقدار زیادہ ہوتی ہے۔
ڈارک چاکلیٹ فائبر اور معدنیات سے بھری ہوتی ہے۔ اگر 100 گرام کی چاکلیٹ بار لی جائے جس میں 70 سے 85 فیصد کوکوا موجود ہو تو اس میں مندرجہ ذیل مقدار کے حساب سے معدنیات موجود ہونگی:
فائبر – 11 گرام
آئرن – 67 فیصد
میگنیشئم – 58 فیصد
کوپر – 89 فیصد
میگنیز – 98 فیصد
اس کے علاوہ چاکلیٹ میں فوسفورس، زنک، پوٹیشئم اور سلینئم بھی وافر مقدار میں پایا جاتا ہے۔ تاہم 100 گرام چاکلیٹ روزانہ کی بنیاد پر کھانا نقصان دہ ثابت بھی ہوسکتا ہے کیونکہ اس میں 600 کیلوریز اور شوگر بھی موجود ہوتی ہے۔ صحت کے حوالے سے چاکلیٹ کے بہتر نتائج اسی وقت حاصل ہونگے جب اسے اعتدال میں کھایا جائے۔
ڈارک چاکلیٹ صحت بخش فیٹی ایسڈز کی بھی حامل ہے۔ اس میں oleic acid، stearic acid اور palmitic acid موجود ہوتے ہیں۔ اس میں سے اولیک ایسڈ بالخصوص قلبی صحت کیلئے مفید ہے جو زیتون کے تیل میں بھی پایا جاتا ہے۔
اسٹیرک ایسڈ کولیسٹرول پر معتدل اثر (neutral effect) ڈالتا ہے جبکہ پالمٹک ایسڈ کولیسٹرول کو بڑھاتا تو ہے لیکن یہ چاکلیٹ میں موجود کُل چکنائی کا صرف ایک تہائی حصہ ہوتا ہے۔
اس کے علاوہ ڈارک چاکلیٹ میں بلڈ پریشر کو کم کرنے کی صلاحیت بھی موجود ہوتی ہے۔ چاکلیٹ میں flavanols (پودوں سے حاصل ہونے والے صحت بخش کیمیکلز) جسم میں نائٹرک آکسائڈ خارج کرواتے ہیں۔ نائٹرک آکسائڈ ایک سگنل کے ذریعے شریانوں کو ڈھیلا کردیتا ہے جس کی وجہ سے بلڈ پریشر زیادہ سے کم ہوجاتا ہے۔