نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) آپ نے لوگوں کے قبضے سے منشیات اور چوری کا مال تو برآمد ہوتے اور انہیں گرفتار ہوتے سنا دیکھا ہو گا لیکن آپ کو یہ سن کر حیرت ہو گی کہ بھارت میں ایک شخص وہیل مچھلی کی ’اُلٹی‘ فروخت کرتے ہوئے پکڑا گیا اور اس سے ’الٹی‘ میں نکلنے والا مواد بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ آپ کے لیے اس سے بھی بڑھ کر حیرت کی بات یہ ہو گی کہ وہیل مچھلی کی یہ الٹی لاکھوں روپے میں فروخت ہوتی ہے۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق ممبئی میں پکڑے جانے والے اس راہول ڈوپارے نامی شخص کے پاس 1.3کلوگرام ’الٹی‘ تھی جس کی مالیت 1کروڑ 70لاکھ بھارتی روپے (تقریباً 3کروڑ 84لاکھ روپے)بنتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق وہیل مچھلی کی اس قے کو ’امبر گریس‘ کہا جاتا ہے جو مہنگے ترین پرفیومز اور دیگر کئی اقسام کی بیوٹی پراڈکٹس میں استعمال ہوتی ہے۔ یہ انتہائی نایاب پائی جاتی ہے چنانچہ اس کی قیمت بہت زیادہ ہوتی ہے۔ وہیل مچھلی جب قے کرتی ہے تو اس کے جسم سے نکلنے والا یہ مواد سطح سمندر پر تیرنے لگتا ہے اور وقت کے ساتھ پتھر کے جیسا سخت ہو جاتا ہے۔ بھارت سمیت کئی ممالک میں اس کی فروخت ممنوع ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ راہول کو مخبری پر گرفتار کیا گیا۔ اس کے خلاف وائلڈ لائف پروٹیکشن ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔