کنبرا(مانیٹرنگ ڈیسک) موبائل فون زیادہ استعمال کرنے کے کئی نقصانات سے ماہرین آگاہ کر چکے ہیں اور اب آسٹریلیا میں تحقیق کاروں نے اپنی نئی تحقیق میں اس کا ایک ایسا نقصان بتا دیا ہے کہ سن کر ہی آدمی پریشان ہو جائے۔ نائن نیوز کے مطابق یونیورسٹی آف سن شائن کوسٹ کے ماہرین نے اس تحقیق میں پتا چلایا ہے کہ جو لوگ زیادہ موبائل فون استعمال کرتے ہیں ان کی کھوپڑی کی ہڈی ایک خاص طریقے سے بڑھنا شروع ہو جاتی ہے ، جیسے کہ ان کے سر پر سینگ نکل رہے ہوں۔
تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر ڈیوڈ شاہر کا کہنا تھا کہ ”ہم نے اس تحقیق میں درجنوں لوگوں کی کھوپڑیوں کے ایم آر آئی سکین کیے، ان میں جو لوگ زیادہ موبائل فونز استعمال کر رہے تھے ان کے سر کی ہڈی درمیان میں سے اوپر کی طرف سینگ کی طرح بڑھ رہی تھی۔ ایسے لوگ جو گزشتہ 10سال سے زیادہ فون استعمال کرتے آ رہے تھے ان میں یہ ہڈی 2.17سینٹی میٹر سے زیادہ لمبی ہو چکی تھی۔ اکثر لوگوں میں یہ 10سے 30ملی میٹر لمبائی کی تھی۔ ہڈی کی اس طرح بڑھوتری کسی خطرے کی علامت تو نہیں مگر یہ اس پوزیشن میں بیٹھنے کی علامت ضرور ہے جس پوزیشن میں ہم فون پکڑ کر بیٹھتے ہیں۔“